ایمزٹی وی(لاہور) مناواں کے علاقے لکھو ڈیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ جاں بحق ہو گئے۔بابر سہیل بٹ نے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ سے حلقہ پی پی 157 سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔واقعے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے تمام تنظیمی سرگرمیاں اورمصروفیات ملتوین کردیں جبکہ پارٹی کے اجلاس بھی منسوخ کر دیے ۔ لاہور کے علاقے مناواں میں لکھو ڈیر کے مقام پر نامعلوم ملزمان نے بابر سہیل بٹ پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑگئے جبکہ ملزم فرار ہو گئے۔فائرنگ کر نے والے ملزم کے بارے میں یہ شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بابر سہیل بٹ کا گن مین تھا ۔واقعے کے بعد پولیس حکام نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس حکام کاکہنا ہے کہ فائرنگ کاواقعہ دیرینہ دشمنی کاشاخسانہ لگتا ہے تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے جس کے بعد ہی حقائق سامنے آسکیں گے ۔ واضح رہے بابر سہیل بٹ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ثمینہ خالد گھرکی کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آج لاہور میں اپنی تمام مصروفیات کو ملتوی جبکہ پارٹی اجلاس اور پارٹی امیدواروں کے انٹرویوز بھی ملتوی کردیے۔آصفہ بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی تحقیقات اورملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے ٹویٹر پیغام میں انکا کہنا تھا کہ ہمیں خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔