ایمز ٹی وی(لاہور) معروف مسلم لیگی تاجر راہنما مرزا یونس بیگ نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد کو پوری پاکستانی قوم کی حمایت حاصل ہے، سوشل میڈیا پر کائنات کی مقدس ترین شخصیات کی گستاخی میں ملوث اصل ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو نشان عبرت بنا دینا چاہئے ، پی ایس ایل فائنل میچ کے کامیاب انعقاد پر ملک دشمن قوتیں حیران رہ گئیں ، حکومت عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ،ملک کی تمام تاجر برادی ملکی ترقی میں وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ گلبرگ میں تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرزا یونس بیگ نے کہا کہ ٹی وی چینلز ملک میں انارکی اور افراتفری کی بجائے تحمل اور بردباری کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں ،ملک میں آپریشن رد الفساد جاری ہے جس کی پوری قوم تائید کرتی ہے ،اب دہشت گردی کو شکست دیئے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ، سوشل میڈیا پر مقدس شخصیات کی توہین کرنے والے بھی آپریشن رد الفساد کی زد میں آنے چاہئیں،کیونکہ یہ بد بخت عناصر بھی ملک میں آگ بھڑکانہ چاہتے ہیں ،پوری امت مسلمہ آقا ﷺ کی عزت و ناموس کی حفاظت کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنا سعادت سمجھتی ہے ،حکومت کو اس معاملے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم خوش اور دشمن حیران اور مایوس ہے،ملک کی باشعور قوم نے دشمن پر یہ ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم بہادر اور نڈرقوم ہے،فائنل میچ کے انعقاد پر وزیر اعظم پاکستان ،آرمی چیف اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے پاکستانی قوم کی اکثریت اور خصوصا تاجر و کارو باری برادری وزیر اعظم نواز شریف کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے