ایمز ٹی وی(لاہور) کہتے ہیں کہ ایک تصویر ہزاروں الفاظ سے بہتر ہوتی ہے لیکن سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک کشمیری بچے کی تازہ ترین تصویر تو کروڑوں الفاظ سے بھی بہتر ہے جس نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور سوشل میڈیا پر جیسے جذبات کا طوفان سا آ گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت نے جہاں انسانیت کو شرما دیا ہے وہیں گزشتہ ہفتے بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے بچے کی نماز جنازہ کے موقع پر اس کے ننھے د وست کی آنکھوں سے جاری ہونے والے آنسوﺅں نے پوری دنیا کو بھی رلا دیا ہے۔
9 سال کے برہان فیاض کا دوست عامر پچھلے ہفتے پلواما میں ہونے والی بھارتی فائرنگ کی زد میں آ کر شہید ہو گیا تھا، عامر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے ٹارگٹ کیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق وہ جھڑپ کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا۔ دوست کی تدفین کا وقت آیا تو 9 سالہ برہان فیاض اپنے آنسوﺅں پر قابو نہ رکھ سکا اور پھوٹ پھوٹ کر ایسا رویا کہ دیکھنے والا ہر دردمند دل دہل کر رہ گیا۔
برہان فیاض کا کہنا ہے کہ ”میں نے اپنے بہترین دوست کو کھو دیا ہے، اب میں کس کے ساتھ کھیلوں گا۔“ غم میں ڈوبے برہان کی تصویر کشمیر میں ہونے والی بربریت کا ثبوت ہے اور یہ تصویر انسانی حقوق کا پرچار کرنے والے انسانیت کے نام نہاد ٹھیکیداروں سے سوال کرتی ہے کہ کشمیری کب تک اپنے پیاروں کی لاشوں پر آنسو بہاتے رہیں گے؟