ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد سیاسی صف بندی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور مسلم لیگ ق کو انتخابی اتحاد کی پیشکش کردی گئی۔ سابق صدر آصف زرداری نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کہا ہے کہ صف بندی کیلئے رابطے شروع کیے جائیں اور حتمی شکل پانامافیصلے کے بعد دی جائے گی۔زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو کہا کہ تنظیم سازی کرلیں، پانامافیصلے کے بعدملک میں متحرک ہو جائیں گے، ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے لیکن کچھ دن انتظار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھی ہیں، میں بھی ہوں،میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا، اپنی حتمی سیاسی حکمت عملی پاناما لیکس فیصلے کے بعد عیاں کریں گے، ذوالفقاربھٹو کی برسی کے بعد پی پی قیادت پنجاب کو مرکز بنا کر سیاسی بساط بچھائے گی جبکہ پی پی نے ق لیگ کو بھی انتخابی اتحاد کی پیشکش کردی ہے اور ق لیگ کے کامل علی آغا نے پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پیشکش پر پارٹی اجلاس میں غور کریں گے۔