ایمز ٹی وی(پنجاب/سندھ )ملک کے مختلف شہروں میں آج صبح چھ مجرموں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا جبکہ ساہیوال اور میانوالی میں لواحقین کی معافی کے بعد دو مجرمان کی پھانسی موخرکر دی گئی۔
ملک کے مختلف جیلوں میں قید مزید چھ قاتلوں کی زندگی کا سفر تمام ہوگیا، سینٹرل جیل سکھر میں عبدالرزاق چوہان اور جلیل عرف جلال موریجو کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم جلیل نے انیس سو ستانوے میں اپنے رشتے دار کو جبکہ مجرم عبدالرزاق چوہان نے پندرہ سال قبل ساتویں جماعت کے طالب علم اقرار کو بے دردی سے گلا کاٹ کر قتل کیا تھا۔
سنٹرل جیل ساہیوال میں مجرم شہباز کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا، شہباز نے انیس سو اٹھانوے میں مصطفے آباد میں فائرنگ کرکے عاصم بیگ کوقتل کیا تھا، ساہیوال میں ہی دوسرے مجرم جعفر کی سزا مؤخر کر دی گئی، مجرم نے دیپالپور میں انیس سو ستانوے میں اپنے بھائی خلیل اور بہن سعیدہ کو قتل کیا تھا۔ مقتولین کے لواحقین کی جانب سے جعفر کی معافی کے مژدے پر پھانسی کو مؤخر کردیا گیا۔
میانوالی میں محمد خان کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیا جبکہ مجرم خوبدار شاہ کی پھانسی صلح نامہ موصول ہونے پر مؤخر کردی گئی۔
کوٹ لکھپت جیل میں مجرم ایوب کو پھانسی دے دی گئی، بہاولپور جیل میں لڑکی سے زیادتی کے بعد قتل کے مجرم غلام یٰسین کو تختہ دار پر چڑھایا گیا