ایمز ٹی وی(لاہور) شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا ہے کہ ہمیں اپریل فول جیسی فضول چیزوں سے پرہیز کرنا ہوگا اور اس کے لئے سوشل میڈیا پر آج خصوصی تحریک چلانا ہوگی کیونکہ ہمارے مذہب میں جھوٹ بلونے کی سخت ممانعت کی گئی ہے جس پر ہم سب کو نہ صرف خود عمل کرنا ہوگا بلکہ دوسروں کوبھی اس کی ترغیب دینا ہوگی۔
اداکارہ عمائمہ ملک، دانش تیمور، نیلم منیر، سارہ خان، فیصل قریشی،ا حسن خان، عائشہ عمر، سنگیتا، جیا علی، فاروق مینگل، رابعہ بٹ، سلیم شیخ اور امین اقبال نے کہا کہ کوئی بھی مذہب اور معاشرہ جھوٹ بولنے کی اجازت نہیں دیتا اور ہمارے مذہب میں تو خاص طور پر ممانعت کی گئی ہے لیکن ہر سال لوگ یکم اپریل کو جھوٹ بول کر دوسروں کو تنگ کرتے ہیں جس سے بہت سے لوگوں کو نقصان بھی پہنچتا ہے۔ فنکاروں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر سب کو پوسٹ کرنا چاہیے کہ کوئی بھی آج کے دن جھوٹ بول کر کسی کو بے وقوف نہ بنائے اور نہ ہی کسی کی دل شکنی کرے۔
فنکاروں نے مزید کہا کہ مغرب کی بدتہذیبی کو اپریل فول کا نام دے کر لوگوں کو پریشان کیا جاتا ہے۔ جو لوگ اپریل فول کی آڑ میں جھوٹ بول کر دوسروں کو تکلیف پہنچاتے ہیں اس کی قطعی اجازت نہیں ہے۔ اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تمام فنکاروں، پروڈیوسرز، رائٹرز نے متفقہ طور پر فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ مل کر اپریل فول کا بائیکاٹ تو کریں گے ہی ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر اس فرسودہ تہوار کے خلاف پرجوش اور پرزور تحریک چلائیں گے تاکہ پاکستان میں ایسے فضول تہوار کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔