ایمزٹی وی(لاہور) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹ بولنے کا ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا ، الزام غلط ثابت ہوا تو عدالت صادق اور امین کا فیصلہ کر دے ۔
ایوان اقبال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے عمران خان کے 10 ارب روپے کی پیشکش کے الزام پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا ، انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے کرکٹ کے ریکارڈ کے بعد جھوٹ بولنے کے بھی ریکارڈ قائم کر دیئے ، عمران خان کیخلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔
شہباز شریف نے سی پیک منصوبے کا کریڈٹ لینے پر آصف زرداری پر بھی لفظوں کے تابر توڑ حملے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر زرداری نے چین سے معاہدہ کیا تھا تو منصوبے کا سنگ بنیاد کیوں نہیں رکھا ؟ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام 2018 میں بھی ن لیگ کو ہی منتخب کریں گے۔