جمعہ, 22 نومبر 2024


انسداد دہشتگردی عدالت کا طاہر القادری کے خلاف اشتہار جاری کرنے کا حکم

ایمز ٹی وی (لاہور) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 10 افراد کے خلاف اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق طاہر القادری سمیت عوامی تحریک کے رہنماؤں کے خلاف دیپالپور میں نفرت انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ درج ہے جس پر تفتیش کے لئے پیش نہ ہونے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کیا، دوران سماعت مقدمے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمے کے تمام ملزمان روپوش ہيں اور کوئی بھی تفتيش کے لئے پيش نہيں ہو رہا لہٰذا عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ ملزمان کے گھروں پر پيشی کے اشتہار چسپاں کرنے کے احکامات جاری کئے جائيں۔

عدالت نے تمام ملزمان کے گھروں پر پيشی کے اشتہار چسپاں کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان اگر اب بھی پیش نہ ہوئے تو ايک ماہ کے بعد ان کے دائمی گرفتاری وارنٹ جاری کئے جائيں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment