لاہور: اطلاعات کے مطابق کوٹ لکھ پت جیل (لاہور) میں العزیزیہ اسٹیل مل کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گزشتہ کچھ روز سے دل میں تکلیف کا سامنا تھا، نواز شریف کو ان کی طبیعت کو دیکھتے ہوئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا۔ واز شریف کو اسپتال لانے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایمرجنسی وارڈز کے داخلی راستوں پر پولیس کی نفری لگا دی گئی جب کہ مریضوں کے تیمارداروں کو وارڈ سے باہرنکال دیا گیا اور مریضوں کےلئے متبادل انتظامات کیے گئے۔ چیف ایگزیکٹو پی آئی سی نے دیگر ماہرین کے ہمراہ نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی کے ماہرین کی ایکو رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کے پٹھے معمول سے تھوڑے زیادہ سخت ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ ان کی ای سی جی رپورٹ بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز نے کہا کہ میں پہلے کہہ چکی ہوں کہ میاں نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور انہیں کل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا جارہا ہے لیکن مجھے اور ہماری فیملی کو اس حوالے سے آگاہ تک نہیں کیا گیا۔