لاہور: احتساب عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر آج پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت جاری ہے، خواجہ برادران کو آج 7 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پرعدالت میں پیش کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ خواجہ برادران کی پیشی سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ احتساب عدالت کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کرسیل کردیے گئے ہیں
یاد رہے کہ 19 جنوری کو احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سعدرفیق اورسلمان رفیق کو مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا ، نیب کی جانب سے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔ خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔