سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھارتی جنگی جنون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت اور مہم جوئی کے خلاف پورا پاکستان متحد ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی کے لئے ہم میں سے ہر ایک فوج کا سپاہی ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر، ہر پاکستانی اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہروقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ اور عظیم قربانیاں اس کے پختہ عزم کا مظہر ہیں، پاکستانی قوم نے ہر چیلنج، ہر مشکل اور ہر دشمن کا پامردی اور بے مثال جذبے سے مقابلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور بھارت میں پاکستانی قیدی کی جیل میں تشدد سے ہلاکت، کشمیریوں اور بھارت میں رہنے والے مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی حکومت اس لاقانونیت کو روکے اور کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،پلوامہ واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ کے غم پر افسوس کرتے ہیں۔