لاہور:نواز شریف کو ٹ لکھپت جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد جاتی امرا پہنچ گئے، جیل کے باہر اور جاتی امرا کے باہر لیگی کارکنوں نے نواز شریف کا والہانہ استقبال کیا، سابق وزاعظم کے حق میں خوب نعرے بازی کی، کارکنوں نے دیر رات تک جاتی امرا کے باہر بھنگڑے ڈالے، خوشیاں منائیں اور مٹھائیاں تقسیم کی۔
نواز شریف کے ضمانتی طارق فضل چوہدری بھی جیل کے باہر موجود تھے،کوٹ لکھپت جیل کے سپر ٹنڈنٹ نے کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے بعد نواز شریف کو جیل سے رہا ہونے کا حکم جاری کیا ۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی اور خیریت دریافت کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاون روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ سپریم کوٹ کے فیصلے کے مطابق 6 ہفتوں کی رہائی مکمل ہوتے ہی ضمانت خودبخود منسوخ ہوجائے گی اور اگر اس کے بعد نواز شریف نے خود کو قانون کےحوالےنہیں کیا تو گرفتار کیا جائے گا۔