لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں، ان کا غیر فطری اتحاد جلد منطقی انجام کو پہنچ جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں، اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحاد جلد منطقی انجام کوپہنچ جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا انتشارپھیلانےکی ناکام کوشش کرنے والی اپوزیشن خودانتشارکاشکارہے، اے پی سی کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہماری حکومت نے انسانی ترقی پر فوکس کیاہے، ذاتی نمودو نمائش کے منصوبوں کی بجائےانسانی ترقی کو محور بنایا ہے۔
خیال رہے چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا اپوزیشن کےپاس کوئی ایجنڈانہیں، کرپشن کرنےوالوں کوترقی میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو اپنے کئے کاحساب دینا ہوگا۔
یاد رہے گذشتہ روز پارٹی قیادت سےنالاں ن لیگی اراکین پنجاب اسمبلی نے بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ، ملاقاتیوں میں غیاث الدین جانباز، حاجی اشرف انصاری،جمیل شرقپوری، نشاط ڈھا، اظہر خان،شعیب اویسی شامل تھے۔
ذرائع کےمطابق لیگی اراکین کا کہنا تھا پارٹی قیادت اس وقت دو بیانیوں کے درمیان تذبذب کا شکار ہے اور لیگی اراکین اپنے قائدین کی سیاست کے باعث خود پارٹی سے الگ ہورہے ہیں۔
وزیراعظم نےلیگی اراکین کی حمایت حاصل کرنےپرعثمان بزدارکی کارکردگی کوسراہا، ناراض لیگی اراکین کا دوسرا وفد وزیراعظم سے آئندہ ہفتےملاقات کرےگا۔
معاون خصوصی نعیم الحق نےبتایا وزیراعظم سے لیگی ایم پی ایز کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی اور لیگی ارکان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔