جمعہ, 22 نومبر 2024


نواز شریف کا مولانا فضل الرحمان کےمارچ کی مکمل حمایت کا اعلان

 
 
 
 
 
لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کےمارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا جیل سے لکھا گیا خط جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو موصول ہوگیا ، خط میں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
 
نواز شریف نے خط میں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر قسم کا تعاون کریں گے، ن لیگ کی پوری قیادت آپ کے مارچ کی حمایت کرتی ہے، سلیکٹڈ حکومت کےخاتمے کے لیے ن لیگ پوری طرح آپ کے ساتھ ہوگی۔
 
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ناجائز اور مسلط کردہ حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
 
خیال رہے شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل میں بڑے بھائی کو آزادی مارچ کے حوالے سے پارٹی کی سفارشات سے آگاہ کرنا تھا لیکن اچانک کمر درد کے باعث ملاقات ملتوی ہوگئی تھی۔
 
کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف اور مریم نواز سے اہل خانہ نے ملاقات کی تھی ، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا تھا کہ نواز شریف نے پیغام دیا ہے کہ پوری قوم مولانا کے پیچھے چلے ، شہباز شریف مارچ میں شامل نہ ہوسکے تو لاہور میں استقبال ضرور کریںں گے۔
 
یاد رہے گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا اجلاس شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوا تھا، جس میں شہباز شریف، راجہ ظفر الحق، احسن اقبال سمیت مرکزی قیادت مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی حامی نہیں تھی جبکہ جونیئرقیادت نے مارچ میں شرکت کی تجویز دی تھی۔
 
جاوید لطیف، امیر مقام اور سینیٹر پرویز رشید مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کے حامی تھے۔
 
واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔
 
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانا ہمارا آخری اور حتمی فیصلہ ہے، اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی، ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، ملک بھر سے انسانوں کا سیلاب آرہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment