لاہور : برطانیہ کے شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی اور شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹنگ جبکہ کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔
برطانوی شاہی جوڑا لاہور پہنچا تو ایئرپورٹ لاؤنج میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹنگ کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا آپ کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ برطانیہ کا بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ (ڈیفڈ) پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔پاکستان خصوصاً پنجاب کے سماجی شعبہ کی بہتری کیلئے برطانیہ کے گراں قدر تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
شاہی جوڑا لاہورمیں مختلف مقامات ایس اوایس ولیج ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اوربادشاہی مسجد کا دورہ کرے گا۔
شاہی جوڑے کی لاہورآمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ائیرپورٹ سے گورنر ہاؤس سمیت بادشاہی مسجد، ایس اوایس ویلیج، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور شوکت خانم اسپتال تک چھ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
گذشتہ روز برطانوی شہزادہ ولیم اورکیٹ کا چترال میں شاہی استقبال کیا گیا ، شاہی مہمانوں کو روایتی چغہ، چترالی ٹوپی شال،اورشہزادی ڈیانا کے انیس سو اکیانوے کے دورے کا یادگاری البم بھی پیش کیا گیا۔
پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بروغل نیشل پارک اور بمبوریت کا بھی دورہ کیا۔
اس سے قبل منگل کی رات شاہی جوڑے کے اعزارمیں اسلام آبادمونومنٹ پر عشائیےکا اہتمام کیاگیا تھا۔ ولیم اورکیٹ نے رکشےمیں انٹری دی، شہزادے نے شیروانی اور شہزادی نے میکسی پہن رکھی تھی۔ شہزادہ شہزادی نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔
Comments