لاہور: آن لائن تعلیم کے مکمل انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے دسویں جماعت تک سمارٹ سیلبس بھی مکمل کرانا مشکل ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی اسکولز کی انتظامیہ بھی آن لائن تعلیم سے غیر مطمئن ہے ،طلبہ کی اکثریت کے پاس فاصلاتی نظام تعلیم کے لیے مناسب انتظامات نہیں ہیں ۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ کاشف ادیب کا کہنا ہے اچانک تعلیمی ادارے بند ہونے سے بہت سے طلبہ چھٹیوں کا کام ہی نہیں حاصل کرسکے اور جن کو کام مل گیا ان کو سمجھنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
سرونگ سکول و کالجز الائنس کے سربراہ رضا الرحمان کا کہنا ہے اگر اس نصاب کوکور کرنا ہے تو فوری طور پر تعلیمی ادارے کھولنے ہونگے ۔
پنجاب میں بھی کے پی اور بلوچستان کی طرز پر ہفتے میں ایک دن ایک کلاس کو بلانے کی اجازت ہونی چاہیے ۔
دوسری طرف وزیر تعلیم اسکول مراد راس نے اس تجویز کی مخالفت کی ، ان کا کہنا ہے پنجاب میں کے پی اور بلوچستان کی نسبت طلبہ کی تعداد زیادہ ہے اس لئے مانیٹرنگ کرنا مشکل ہے ۔