پنجاب میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے سنٹرلائزڈ داخلے 21 جنوری سے شروع ہوں گے ۔
گزشتہ روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) میں پنجاب کے تمام نجی میڈیکل کالجز کے سربراہان اور پرنسپلز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں یو ایچ ایس کے زیر اہتمام ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سنٹرلائزڈ داخلوں پر اتفاق پایا گیا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اجلاس میں نجی میڈیکل کالجز کے داخلوں کے نظام کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔
کالجز کے سربراہان نے بتایا کہ تمام نجی میڈیکل کالجز یونیورسٹی کے سنٹرالائزڈ داخلوں کے نظام پر متفق ہیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ صرف یو ایچ ایس کے ذریعے داخل ہونے والے امیدواروں کو ہی قبول کیا جائے گا۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے داخلوں کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نجی میڈیکل کالجز کے داخلے 21 جنوری سے شروع ہوں گے اور امیدوار 30 جنوری تک اپنی درخواستیں یو ایچ ایس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔