اتوار, 24 نومبر 2024


کشمیریوں پر بھارتی مظالم اورجارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں

ایمزٹی وی(لاہور ) کشمیریوں پر بھارتی مظالم کےخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ دنیا بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اور مظالم کےخلاف شہرشہر لوگ سڑکوں پر آ گئے اور احتجاجی ریلیاں نکال کر دنیاکوپیغام دیا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

چوک کچہری پر ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ننکانہ صاحب میں بھی لوگ کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کےلئے سڑکوں پر آ گئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا بھارت معصوم کشمیریوں کا خون بہانا بند کرے۔ عالمی برادری بھارتی مظالم پر خاموش کیوں ہے۔ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کوئٹہ میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاءہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے لگاتے رہے۔ ادھرڈیرہ مراد جمالی میں تحریک انصاف نے کشمیریوں پر بھارتی درندگی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔

مقررین نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ حکومت پاکستان ہر پلیٹ فورم پر کشمیریوں کی مدد کرے۔

اسی طرح ڈیرہ بگٹی‘ سوئی‘ صحبت پور‘ قلات‘ سبی‘ چمن اور ہرنائی میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے ریلیاں نکالی گئیں جن میں شہریوں‘ سیاسی و مذہبی شخصیات اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment