ایمزٹی وی کراچی ) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے ایم کیوایم کے ساتھ مل کرڈرامہ کررہی ہے۔)
وہ سندھ ہائیکورٹ کے باہر وسیم اختر کیخلاف درخواست کی سماعت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ فیصل واوڈا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سنگین نوعیت کے جرم میں ملوث شخص کراچی کا میئر بن گیا۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وہ پیچھے ہٹنے والے نہیں، احتساب کے عمل کو آگے لیکر چلیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کے لئے ایم کیوایم سےمل کر گیم کررہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار حکومت کی ملی بھگت سے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالت نے درخواست مسترد نہیں ڈسچارج کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی جانب سے وسیم اختر کو نااہل قرار دینے کی درخواست فوری سماعت کیلئے منظورکی تھی۔
پٹیشن میں انہوں نے تقریب حلف برداری کی تقریب روکنے کی استدعا کی تھی، جسے مسترد کرتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ اگرآپ پر بھی دس الزام ہوں تو کیا آپ کو بھی الیکشن سے روک دیا جائے؟
میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میچ کا مزا تو آخری اوورز میں ہی آتا ہے۔ سنگین جرم میں ملوث شخص جیل سے مئیر بن رہا ہے اگر عدالت نے حلف سے نہیں روکا تو اور آپشن بھی ہیں۔