ایمز ٹی وی (کراچی) تحریک انصاف کی جانب سے پلان سی کے تحت انتخابی دھاندلی کے خلاف شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت 2 درجن سے زائد مقامات پر دھرنا دیا جا رہا ہے جب کہ شہر کی مختلف شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو نے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قائد آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے سڑک روکنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کارکنوں کو منتشر کر دیا ۔ کارکنوں نے علی الصبح شاہراہ فیصل پر نرسری کے علاقے میں احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی ۔ ریپڈ ریسپانس فورس نے لاٹھی چارج کر کے سڑک ٹریفک کے لیے کھلوا دی ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ کے علاقے میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ، راشد منہاس روڈ پر بھی ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی گئی ، پولیس اہلکاروں نے آگ بجھا کر ٹریفک بحال کرا دی۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا ہے جس کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹ جانے میں مشکل کا سامنا ہے۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ پولیس نے علی الصبح کارکنوں پر تشدد کیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم پورا شہر بند کرا دیں گے، کاروباری مراکز اور ٹریفک بھی بند کرا کے نظام زندگی معطل کر دیں گے۔