ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان رینجرز کی جانب سے محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال اور ٹریفک کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے شہر قائد کی بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی مختلف تنظیموں کے مرحلہ وار تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’محرم الحرام میں ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی مختلف تنظیموں کے لڑکوں کو تربیت دی جائے گی‘‘۔ ترجمان رینجرز نے کہا کہ ’’اس پروگرام کا مقصد محرم الحرام میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت ٹریفک و دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کے ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی اور فوری ردِ عمل اپنانا ہے‘‘۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’اس تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے اسکاؤٹس کو سیکیورٹی ادارے سے فوری رابطے، ٹریفک کنٹرول، گاڑیوں کی تلاشی، خودکش حملہ آور کی شناخت، بم ڈسپوزل اور فوری طبی امداد سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے‘‘۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’اس تربیتی پروگرام کے تحت بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے 594 رضاکاروں کو پاکستان رینجرز کے مختلف ونگز کی زیر نگرانی تربیت دی جارہی ہے تاہم دیگر اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اگر اس پروگرام میں شرکت کرنا چاہیں تو وہ سندھ رینجرز کے ہیڈ کوارٹر یا پھر سیکٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں‘‘۔
یاد رہے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے، جس کے تحت شہر میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے رینجرز کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے