ایمزٹی وی(کراچی)عزیز آباد کے مکان سے ملنے والے اسلحے کو ڈی آنی جی ویسٹ کے دفتر سے 2 ٹرکوں کے ذریعے آج صبح پولیس کی سخت نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی 6 موبائلیں بھی ٹرکوں کے ساتھ تھیں جن میں حساس اور مہلک قسم کے ہتھیار رکھے گئے تھے۔
پولیس کی زبردست کارروائی کے نتیجے میں بھاری مقدار میں مہلک ہتھیار برآمد
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ برآمد شدہ اسلحے کا فرانزک ٹیسٹ کروایا جائے گا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے مہلک ہتھیاروں کو محفوظ کرنے اور دهماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے لئے پاک فوج سے مدد مانگ لی ہے، اس کے علاوہ فوج اسلحہ کے گیج اور اس کی شناخت میں بهی مدد فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع مکان پر چھاپہ مار کر پانی کے ٹینک میں چھپائی گئی اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اسلحے کی اتنی بڑی کھیپ شہر میں اس سے قبل پہلے کبھی نہیں پکڑی گئی۔