ایمز ٹی وی (کراچی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔ کسی جرائم پیشہ کو نہیں چھوڑیں گے۔
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں ایمپریس مارکیٹ صدر کے ترقیاتی منصوبے اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی خواہش ہے کہ کراچی اور سندھ ترقی کرے۔ کراچی میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
گزشتہ دنوں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور ان کی جانب سے تند و تیز باتوں کے تبادلے پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں کچھ تلخیاں اور سخت باتیں کیں جس کا بے حد افسوس ہے۔ وہ کسی سیاسی بحث میں الجھنا نہیں چاہتے۔
گورنر سندھ کے دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔