ایمز ٹی وی(صادق آباد) تحریک انصاف سندھ کے قافلوں کو پنجاب آنے سے روکنے کیلئے صادق آباد کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، بیس سے زائد ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی پکڑلیا گیا ہے۔
تحریک انصاف سندھ کے قافلوں کو ہر صورت پنجاب آنے سے روکنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، حکومت نے پی ٹی آئی سندھ کے قافلوں کو پنجاب میں داخل ہونے سے روکنے کی تیاری کرلی ہے۔
کوٹ سبزل کے مقام پر بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیئے گئے جبکہ سرحد بند کرنے کیلئے بیس سے زائد ٹریکٹر ٹرالیاں بھی پولیس نے پکڑلیں ہیں۔
ٹریکٹر ٹرالی مالکان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، دھرنے کی سزا ہمیں دی جارہی ہے، ہمارا کیا قصور ہے ؟؟حکومت ہمیں روزی کمانے دے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ضلع دادو کے کارکنوں نے اسلام آباد میں کارکنوں اور خواتین ورکروں پر پولیس تشدد کے خلاف ضلعی صدر احمد جمالی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا، اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے گو نواز گو کی شدید نعرے بازی کی اس موقع پر کارکنوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت کے پرتشدد کاروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے، عمران خان کی قیادت میں انصاف اور حق کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیں گے۔
لاڑکانہ میں بھی اسلام آباد میں یوتھ کنویشن کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی باغ جناح چوک پر پہنچی، جہاں کارکنان نے گو نواز گو اور جینا ہوگا مرنا ہوگا دھرنا ہوگا دھرنا ہوگا کے فلق شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب کے گلوبٹوں نے اسلام آباد میں منعقدہ یوتھ کنویشن پر دھاوا بول کر بلاجواز کارکنان کو گرفتار کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس واقعے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، گرفتاریاں اور تشدد کے واقعات ہمیں 2 نومبر کے اعلانیہ دھرنے سے روک نہیں سکتے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانے والے قافلوں کو روکا نہیں جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے اور تحریک انصاف کے قافلوں کو سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کے لیے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی