ایمز ٹی وی(کراچی)شہر قائد میں جرائم کی بہت سے کہانیاں سننے کو ملتی ہیں لیکن اب ایک ایسی دل دہلا دینے والی تفصیلات منظرعام پر آئیں ہیں کہ ہر کوئی دنگ رہ گیا ہے۔
کراچی کے قبرستانوں میں گورکن کا گھناﺅنا کاروبار بے نقاب ہو گیا ہے اور پرانی قبر میں نئے مردے دفنانے کا لرزہ خیز انکشاف ہوا ہے۔ عزیز آباد پولیس نے شرمناک دھندے میں ملوث گروہ کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عامر، جمیل اور اعجاز سمیت دیگر ملزمان پر مشتمل یہ گروہ گزشتہ تین سال سے اس گھناﺅنے کاروبار میں ملوث ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے کے نصف سے زائد قبرستانوں میں گنجائش ختم ہو چکی ہے لیکن پھر بھی روزانہ کی بنیاد پر ان قبرستانوں میں مردوں کی تدفین کا عمل جاری ہے اور اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ گورکن 10 سے 15 ہزار روپے لے کر پرانی قبر کو ہی کھود کر نئی بنا دیتے تھے اور اس میں پہلے سے موجود مردے کی ہڈیوں کو یا تو پھینک دیتے تھے یا پھر وہیں کہیں چھپا دی جاتی تھیں۔
اس معاملے پر ایک سال قبل بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔ گرفتار ہونے والا گروہ ایک درجن سے زائد قبرستانوں میں اس شرمناک کاروبار میں ملوث ہیں۔