ھفتہ, 23 نومبر 2024


کراچی آپریشن مکمل امن و امان کے قیام تک جاری رہے گا،مولا بخش چانڈیو


ایمز ٹی وی (کراچی )مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر اور کور کمانڈر کراچی نوید مختار کا آج اپیکس کمیٹی کا آخری اجلاس بہت ہی خوشگوار ماحول میں ہوا۔

کراچی آپریشن دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی جب اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو پھر کون اس کا مقابلہ کر سکتا ہے؟ 27 دسمبر کے بعد جو بھی ہو گا، کم از کم یوٹرن نہیں ہو گا۔ دانش اور سیاست کا تعلق عمر سے نہیں ہے، بلاول آنے والے وقت میں پاکستان کے قائد ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر اور کور کمانڈر کراچی نوید مختار کا آج اپیکس کمیٹی کا آخری اجلاس تھا کیونکہ وہ دونوں رخصت ہو رہے ہیں۔ آج کا اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا جو بہت ہی اچھی بات ہے کیونکہ پاک فوج اہم قومی ادارہ ہے اور سیاستدان بھی اس ملک کے حکمران بنتے ہیں اور کبھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں اس لئے ان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہونے چاہئیں۔


انہوں نے کہا کہ آج اپیکس کمیٹی میں فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے اور یہ فیصلہ ہوا ہے کہ کراچی آپریشن دہشت گردوں کے خاتمے اور مکمل امن و امان کے قیام تک جاری رہے گا۔ کراچی کی صورتحال کو یہاں تک لانے کیلئے پاک فوج، رینجرز، سندھ پولیس اور عوام سمیت سب نے بہت قربانیاں دی ہیں اور جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا جیسے ہم نے سیکیورٹی اداروں کی امن قائم کرنے پر تعریف کی ویسے ہی دونوں مہمانوں نے سول اداروں بالخصوص پولیس کی بہت تعریف کی ہے اور میں کراچی کے حالات بہتر بنانے پر جہاں ان کو مبارکباد دے رہا ہوں وہاں سندھ پولیس کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔


ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 27 دسمبر کی جو تاریخ دی ہے اس کے بعد جو بھی ہو گا وہ کم از کم یوٹرن نہیں ہو گا۔ پیپلز پارٹی جب اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو پھر اس کا کون مقابلہ کر سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر عدالت نہیں جائیں گے اور آج دیکھ لیں کہ سب پچھتا رہے ہیں۔ دانش کا تعلق عمر سے نہیں ہے ، ”عمراں اچ کی رکھیا“ بلاول بھٹو کے خون میں سیاست اور دانش ہے اور وہ آنے والے وقت میں پاکستان کے لیڈر ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment