ایمز ٹی وی (کراچی) :توہین آمیز خاکوں کے خلاف جماعتِ اسلامی سمیت دیگر جماعتیں نمازِ جمعہ کے بعد احتجاج ریکارڈ کرائیں گی، جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ 25 جنوری اتوار کو بھی کراچی میں مارچ کیا جائے گا۔
امیر جمعیت علماء اسلام مولانا سمیع الحق نے علماء و خطباء دینی تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منائیں۔ پاکستان علماء کونسل نے بھی آج ملک بھر میں ’یوم مذمت‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ آزادی اظہار کے نام پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت مغرب کی اسلام دشمنی کا شاخسانہ ہے، جماعتِ اسلامی خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک بھر میں جمعہ اور اتوار کو احتجاج کرے گی۔
اسد اللہ بھٹو نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو اسلام اور اہل اسلام کے خلاف منظم اور سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے، فرانسیسی میگزین میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے خلاف جہاں ملک کے اعلی ایوانوں میں منتخب نمائندے صدائے احتجاج بلند کی ہے، وہیں دینی جماعتوں نے بھی اس مذموم حرکت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر کی مذہبی جماعتوں نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تئیس جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز تنظیماتِ اہلسنت کراچی کے تحت توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی۔
اس موقع پر جماعتِ اہلسنت کے سربراہ علامہ شاہ تراب الحق نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم کو اپنی تمام کابینہ اور وزراء کے ساتھ فرانس میں جاکر گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کرنا چاہئے ۔