ایمز ٹی وی(کراچی ) اہم مقدمات میں نامزد ملزمان کو پیش نہ کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی۔ ہائی پروفائل کیسز میں ملوث عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کو سیکیورٹی خدشات کے باعث انسداددہشتگردی کی عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔ انسداددہشتگردی کی عدالت میں امجد صابری ،فوجی جوانوں، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث جیل حکام کی جانب سے ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے ملزمان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ کو حکم دیا کہ مقدمات کی انسائیڈ جیل ٹرائل منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں یا آئندہ پیشی پر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔ملزمان کی عدم پیشی کے باعث مقدمے کی نقول بھی فراہم نہ ہو سکی جس پر عدالت نے 16 مقدمات کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔ جبکہ دوسری جانب انسداددہشتگردی کی عدالت نے پولیس مقابلہ ،اقدام قتل اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر کالعدم تنظیم کے 2 مفرور کارندوں نور خان اور فضل انعام صابر کومجموعی طور پر 39, 39 سال قید کی سزا سنادی۔