اتوار, 22 ستمبر 2024


سلیم شہزاد پاکستان پہنچ گئے

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم کے بانی رہنما اور رابطہ کمیٹی لندن کے رکن سلیم شہزاد دبئی سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے سرگرم رہنما اور ایم کیو ایم کے بانی رکن سلیم شہزاد خود ساختہ جلا وطنی ختم کرکے دبئی سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر ان کے عزیز و اقارب نے ان کا استقبال کیا، کراچی میں قیام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے گھر قیام نہیں کریں گے۔
متحدہ رہنما تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد نجی ایئر لائن کی پروازای کے 600سے کراچی پہنچے، روانگی سے قبل میڈیا سے خصوصی گفت گو میں سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ تمام گروپ رابطے کر رہے ہیں اور فون پر بات چیت ہوئی ہے لیکن وہ اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کراچی پہنچنے کے کے بعد دوستوں سے ملاقاتوں اور مشورے سے ایک دو دن کے بعد کریں گے۔
سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ عدالتوں پر بھرپور اعتماد ہے، اپنے خلاف کیسز کا سامنا کروں گا، عدالتوں کا ہر فیصلہ قبول کروں گا۔
اپنی ممکنہ گرفتاری سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سلیم شہزاد نے کہا کہ کراچی آنے پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں گرفتار کرنے کیلئے ڈرایا جارہا ہے، میں نے کوئی جرم نہیں کیا، میں گرفتاری سے نہیں ڈرتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ تین دہائی سے زائد عرصے سے سیاست میں ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کی سیاست کراچی میں ہو اور کراچی والے ہی یہ سیاست کریں۔ واضح رہے کہ سلیم شہزاد کا نام بھی ای سی ایل میں شامل ہے، یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سلیم شہزاد کے پاس برطانوی شہریت بھی ہے۔
سلیم شہزاد پر ایف آئی اے میں مقدمہ قائم ہے جبکہ سابق مشیر پٹرولیم اور 462ارب روپے کی کرپشن اور دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں ملوث پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی سہولت کاری کے حوالے سے بھی ایک کیس قائم ہے. جس پر ان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment