ھفتہ, 23 نومبر 2024


کراچی کو کوئی 10 منٹ تو کیا، 10 ماہ میں بھی بند نہیں کروا سکتا'

ایمز ٹی وی(کراچی) صوبہ سندھ کے نو منتخب گورنر محمد زبیر نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں حالات اب کافی بہتر ہوچکے ہیں اور شہر کو 10 منٹ میں بند کروانا اب ممکن نہیں ہے۔
انٹرویو میں محمد زبیر نے کراچی میں بدامنی کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دیا اور کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں شہر کی 'چابیاں' متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حوالے کردی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ 'آج کراچی کو کوئی 10 منٹ تو کیا، 10 ماہ میں بھی بند نہیں کروا سکتا'۔
تاہم محمد زبیر نے کہا کہ صورتحال اب بھی بہت نازک ہے اور اگر کراچی آپریشن سے ذرا بھی توجہ ہٹائی گئی تو حالات پھر سے خراب ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت کو شہر کے حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ ماضی میں بہت سی حکومتوں نے اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر شہر میں سیاسی جماعتوں کو کھلی چھوٹ دی، جن میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سرِ فہرست ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی متحدہ کو مکمل آزادی تھی۔
حالیہ دنوں میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ رینجرز آپریشن کا اسٹریٹ کرائم سے کوئی تعلق نہیں، یہ کام پولیس کا ہے جس نے شہر میں ان واقعات کی روک تھام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن اس مقصد کے لیے اسے کچھ وسائل کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کراچی پولیس کسی قسم کی سیاسی مصلحتوں کا بھی شکار ہے؟ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں ان کی آئی جی سندھ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں واضح پیغام دیا گیا کہ کہ اگر کسی بھی جگہ پر ایسا کچھ ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے اور یہی اصول رینجرز کے لیے بھی ہے کہ کسی سیاسی جماعت کے لیے نرمی کا مظاہرہ نہ کیا جائے، چاہے وہ مسلم لیگ (ن) ہی کیوں نہ ہو۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبائی حکومت میں نئی ٹیم ہے، جبکہ سب سے مشکل کام نائن زیرو پر کارروائی کرنا تھا اور یہ کام پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نہ صرف جرائم پیشہ افراد، بلکہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کو شہر میں اپنا نیٹ ورک قائم کرنے سے روکا جائے تاکہ امن کے قیام کا جو ہمارا مقصد تھا وہ پورا ہوسکے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت کراچی کی تمام سیاسی جماعتیں ایک بات پر متفق ہیں کہ اب شہر میں متحدہ لندن کو سیاست کرنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہ 'اب متحدہ لندن کو لندن میں ہی سیاست کرنی چاہیئے، کراچی میں اس کی کوئی اجازت نہیں دے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تاریخ پر نظر ڈالی جائے گی تو وہ لوگ شرمندہ ہوں گے جنہوں نے 'الطاف برانڈ آف پولیٹکس ' کو شہر میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی۔ گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی طرح ایم کیو ایم پاکستان اور لندن ایک ہونے کی کوشش کریں گے تو پھر متحدہ پاکستان کا وجود بھی ختم ہوجائے گا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment