ھفتہ, 23 نومبر 2024


نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات اور گرفتاریاں

 

ایمز ٹی وی(حیدرآباد ) نیشنل ایکشن پلان کے نام پر سندھ عارضی رہائشی ایکٹ 2015ءکے تحت شہریوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے بعدشہریوں میں خوف وہراس پھیل گیاہے۔
پولیس کاروائیوں کے بعدسندھ عارضی کرایہ داری ایکٹ کے تحت تھانوں میں اندراج کے لئے پہنچنے والے مکان‘بنگلوں‘ فلیٹس ‘دکانوں اورگوداموں کے مالکان کو ہراساں کرنے اورگرفتارکرنے کی شکایات‘ ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا ہے کہ پراپرٹی ڈیلرز کو پہلے ہی اس سلسلے میں آگاہ کردیاگیاتھا عوام کی آگاہی کے لئے مہم شروع کی جائے گی ‘عارضی رہائشی ایکٹ کے تحت پولیس کے خلاف شکایات پر شہری ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں قائم شکایتی سیل میں اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں ہراساں کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں حالیہ دہشت گردی کی لہر لاہور اور سیہون میں خودکش حملوں کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس نے کاروائیاں شروع کی تھیں جس کے تحت گذشتہ ایک ہفتے کے دوران حیدرآبادپولیس نے سندھ عارضی رہائشی ایکٹ 2015کی دفعہ 3/11کے تحت ا ب تک 62مختلف مقدمات درج کئے ہیں جن میں 196افراد کونامزد کرکے 151کوگرفتارکیاجاچکاہے اورپولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائیوں کاسلسلہ جاری ہے جس کے بعدمکانات‘ فلیٹس ‘ بنگلے‘ دکانیں اور گودام کرایہ پر دینے والے ہزاروں شہریوں میں قانون سے ناواقفیت اورآگاہی نہ ہونے کی وجہ سے سخت خوف وہراس پھیل گیاہے۔
پولیس کاروائیوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد جنہوں نے اپنے مکان ‘فیلٹس‘ بنگلے‘ دکانیں اور گودام کرائے پر دیئے ہوئے ہیں‘اندراج کرانے متعلقہ تھانوں میں پہنچے تو پولیس نے کوائف درج کرنے کے بجائے انہیں ہراساں کرنا شروع کردیا ۔
اس دوران متعدد افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلئے گئے تھانے جانے والوں سے پولیس کاکہناتھا کہ ایکٹ کے نفاذ کے بعد 2دن میں مکانوں‘ فلیٹس‘ دکانوں‘ گوداموں کے مالکان کو لازماً اندراج کراناتھا۔
اس لئے ان کے خلاف کاروائی ہوگی جس پر شہریوں کی بڑی تعداد خاموشی سے واپس آگئی تاہم پولیس کی جانب سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پرکاروائیوں کے باعث سخت پریشان اورہراساں ہے کوئی محکمہ انہیں مناسب رہنمائی کرنے اورآگاہی دینے کے لئے تیار نہیں ہے ‘نہ ہی پولیس یاکسی محکمہ نے شہریوں کوکوئی نوٹس دیئے ہیں ‘براہ راست پولیس کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی شکایات پر ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ سے رابطہ کیا توان کاکہناتھاکہ سیہون میں ہونے والی دہشت گردی کے بعدوفاقی اورصوبائی حکومتوں کی ہدایات پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیاں کی جارہی ہیں۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment