ایمزٹی وی(خیرپور)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی گرفتاری کے احکامات جاری کررکھے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔
خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا معاملہ الگ الگ ہے شرجیل میمن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی انہیں گرفتار کرنے والوں کو شاید ان کی ضمانت کا علم نہیں تھا۔ شرجیل میمن خود پر لگے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس آگئے ہیں عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اس کی پاسداری کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا لیکن پھر بھی وہ اپنی گرفتاری کے الزامات لگا رہے ہیں جب کہ ان پر شدید نوعیت کے الزامات ہیں اورعدالت نے ان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کررکھے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی رہنما اگر جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی وزیرمنظور وسان کے خواب واقعی سچے ہوتے ہیں پیپلزپارٹی میں دیگر جماعتوں کے رہنما شمولیت اختیار کررہے ہیں لیکن ان کی شمولیت سے متعلق قیادت ہی فیصلہ کرے گی جو ہمیں بھی قبول ہوگا۔ مردم شماری کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں 19 سال بعد مردم شماری کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن غیر شفاف آدم شماری کو کوئی بھی سیاسی جماعت قبول نہیں کرے گی۔