ھفتہ, 23 نومبر 2024


خورشید شاہ کو معافی مانگنے کا مشورہ

 

سابق صدر آصف زرداری او ر بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید کے بیان پر برہم ہوگئی ہیں اور ان کو خواتین سے متعلق بیان پر معافی مانگنے کامشورہ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ خواتین سے متعلق پارلیمنٹ میں بار بارہتک آمیزبیانات دیئے جاتے ہیں،اس طرح کے نازیبا ریمارکس کسی صورت برداشت نہیں کیے جانے چاہئیں،پارلیمنٹ میں خواتین سے متعلق بیان معاشرے کے عکاس ہونگے،پارلیمنٹ ہمارے معاشرے کیلئے ماڈل ہے اور امید ہے کہ خورشید شاہ اپنے ریمارکس پر معافی مانگیں گے۔
 
یاد رہے کہ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تقریر کے دوران خواتین بات چیت میں مصروف تھی جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا تھا کہ خواتین خاموش ہو جائیں اگر باتیں کرنی ہیں تو پارلیمنٹ سے باہر جاکرکریں جس پر خورشید شاہ نے ریمارکس دیئے تھے کہ خواتین کو بولنے دیں یہ باتیں نہ کریں تو بیمار ہوجائیں گے۔ اسپیکر ایاز صادق نے جواب دیا کہ شاہ صاحب آپ خواتین پر بات کرکے استحقاق مجروح کررہے ہیں۔
خورشید شاہ نے اپنے بیان پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصفہ کو میری بات پتہ نہیں ہوگی،کون خواتین سے متعلق ایسی بات کرسکتا ہے،ازراہ مذاق بات کی تھی اور یہ سب میڈیا کا کمال ہے کوئی غلط بات نہیں کی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment