ایمزٹی وی (کراچی)عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کو ایک برس بیت گیا۔
عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کی پہلی برسی کے موقع پرلیاقت آباد میں ان کے گھر دن 3 بجے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے، بعد ازاں اہل خانہ اور عقیدت مند امجد صابری کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور وہاں قوالی بھی پیش کی جائے گی۔
امجد صابری کے بڑے بھائی عظمت صابری نے میڈیا کو بتایا کہ بعد نماز عشا اور تروایح گھر کے باہر محفل سماع منعقد ہوگی جس میں درگاہ خواجہ فریدالدین گنج شکرپاک پتن کے قوال نوید اعجاز خصوصی کلام پیش کرکے امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ امجد صابری درگاہ خواجہ فرید الدین گنج شکرپاک پتن سے خاص عقیدت رکھتے تھے۔ امجد صابری کے صاحبزادے مجدد صابری اور بھائی طلحہ صابری اور دیگر بھی کلام بھی پیش کریں گے۔
عظمت صابری نے مزید کہا کہ وہ امجد صابری کے کیس کی تفتیش سے متعلق پر امید ہیں اور امید کرتے ہیں کہ امجد صابری کے قتل کا کیس جلد فوجی عدالت میں پیش کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے سندھ حکومت کی جانب سے امجد صابری قوال انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے صوبے میں فن قوالی اور صوفی تعلیمات کو فروغ ملے گا اور امجد صابری کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے ایجنڈے کو شکست مل گی۔ امجد صابری کے بھائی طلحہ صابری اپنے بھائی کی پہلی برسی کے موقع پر خصوصی کلام ’’امجد صابری ہمارا بھائی امجد صابری ‘‘پیش کریں گے۔
دوسری جانب امجد صابری کی برسی کے موقع پر اہل علاقہ کی جانب سےگزشتہ شب لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب اُن کے قتل کی جگہ پر چراغاں کیا گیا جس میں اہل خانہ، مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنماؤں اور اہل علاقہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈی ایم سی سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیاقت آباد انڈر پاس کو شہید امجد صابری کے نام سے منسوب کیا جائے۔
واضح رہے کہ امجد صابری کو گذشتہ سال 16 رمضان المبارک کولیاقت آباد 10 نمبر کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔