ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت شروع ہوگئی، سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات رکھنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت آج ہورہی ہے، اسحاق ڈار احتساب عدالت پہنچ چکے ہیں جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے دوگواہان طارق جاوید اور شاہد عزیز اپنے بیانات قلمبند کرائیں گے، طارق جاوید نجی بینک کے افسر اور شاہد عزیز نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے افسر ہیں۔ اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث کی دونوں گواہان سے جرح جاری ہے۔
اس موقع پر احتساب عدالت کے باہرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقع کے پیش نظرپولیس اورایف سی کے 200 اہلکار احاطہ عدالت میں تعینات ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے کارکنان کو عدالت کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہے جب کہ میڈیا نمائندگان اور وزرا کو بھی خصوصی اجازت نامہ دکھانے کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
اسحاق ڈار اپنے وکیل کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں، جب کہ مسلم لیگ(ن)کے رہنما دانیال عزیز، انوشہ رحمان، بیرسٹر ظفراللہ اور طارق فضل چوہدری بھی احتساب عدالت میں موجود ہیں۔ نیب کی پراسیکیوشن ٹیم بھی احتساب عدالت میں پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے خلاف ریفرنس دائر کررکھا ہے۔ گزشتہ سماعت پر نجی بینک کے افسراشتیاق علی اپنا بیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔