ھفتہ, 23 نومبر 2024


شہید محترمہ بینظیربھٹوکی 10ویں برسی

 

ایمزٹی وی(نوڈیرو)سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو شہید کی آج 10 ویں برسی منائی جارہی ہے اور ملک بھر سے جیالوں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش میں موجود ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بے نظیربھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل ہے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے، مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر جیالے پھول چڑھا رہے ہیں تاہم برسی کی مرکزی تقریب ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں منعقد کی گئی ہے۔ ملک بھرسے ہزاروں کی تعداد میں جیالے گڑھی خدا بخش میں بے نظیربھٹو ، ذوالفقارعلی بھٹو، نصرت بھٹو، مرتضیٰ بھٹواورسانحہ کارساز میں جاں بحق افراد کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں۔
گڑھی خدا بخش اورنوڈیرو میں اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی اورعوام کی کثیر تعداد کے باعث کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گڑھی خدا بخش اور اطراف میں 6 ہزار 900 پولیس اہلکار تعینات ہیں اور جگہ جگہ سی سی ٹی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔
بے نظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ کیا جارہا ہے، جس سے پیپلزپارٹی کے قائدین خطاب کریں گے۔ جلسے سے قبل نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں بے نظیربھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو 27 دسمبر2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہوگئیں تھیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment