ایمزٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنما خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد دونوں گروپوں کے رہنماؤں میں آج ملاقات کا امکان ہے۔
میڈٰیا ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنما خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے، اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی رابطہ کمیٹی آپ سے ملنا چاہتی ہے، اگر ہمارا آنا آپ کو صحیح نہیں لگتا تو آپ آجائیں جس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملاقات کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے فاروق ستار سے ملاقات کے لیے بہادرآباد گروپ کے رہنما آج کوئی وقت دیں گے، دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے کے بعد بریک تھرو کا امکان ہے، یہ ملاقات گزشتہ روز ہونی تھی جو چند وجوہات کے باعث نہ ہوسکی تاہم آج رات کسی تیسرے مقام پر ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کنوینئرشپ (سربراہی) سے ہٹا دیا تھا تاہم آج ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی کنوینر شپ ختم کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔