ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور نئے ریفرنس پر سماعت کے دوران سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور 6 اے آئی جیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
احتساب عدالت میں سندھ پولیس فنڈ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور نئے ریفرنس پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے سابق آئی جی سندھ اور 6 اے آئی جیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے 11 ستمبر تک عدالت میں ہیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ملزمان میں سابق اے آئی جی تنویر احمد طاہر، سب انجینئر ورکس اینڈ سروسز رضوان حسین شامل ہیں جبکہ عتیق الرحمٰن، شفیق، سید نعیم اور بابر علی مفرور ہیں۔
سابق آئی جی غلام حیدر جمالی نے ریفرنس میں پہلے ہی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ عبوری ضمانت کی اطلاعی رپورٹ تا حال عدالت میں جمع نہیں کروائی گئی۔
قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 15 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا، ملزمان پر پولیس فیڈنگ فنڈ کی مد میں کرپشن کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کروائی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سندھ پولیس کے 12 ہزار افسران اور اہلکار جرائم میں ملوث ہیں۔