جمعہ, 22 نومبر 2024


کراچی میں رواں سال کےپہلےماہ میں کتنی وارداتیں ہوئیں؟

 

کراچی: سال 2019 کے پہلے ماہ میں کراچی میں 3 ہزار 175 موبائل اور 131 گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کی وارداتیں ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی رپورٹ کے مطابق سال 2019 کے پہلے ماہ میں 3 ہزار 175 موبائل فون چھینے اور چوری ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اسی ماہ میں کراچی کے شہری 131 قیمتی گاڑیوں سے محروم کر دیے گئے جبکہ 18 سو 62 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں ماہ، جنوری 2018 کے مقابلے میں 418 موبائل زیادہ چھینے گئے، جبکہ گزشتہ برس جنوری میں 210 موٹر سائیکل زیادہ چھینی گئی تھیں۔ گزشتہ ماہ سی پی ایل سی نے سال 2018 کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق یکم جنوری سے 20 دسمبر تک 34 ہزار 188 شہری قیمتی موبائل فونز سے محروم ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 دسمبر 2018 تک 26 ہزار 972 شہریوں کی موٹر سائیکلیں چھنی یا چوری ہوئیں جبکہ اسی عرصے میں 1319 شہری کاروں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سی پی ایل سی کا کہنا تھا کہ 2018 میں جنوری سے نومبر کے اختتام تک اغوا برائے تاوان کی 8 وارداتیں ہوئی، بھتہ خوری کے 53 اور بینک ڈکیتی کی 3 وارداتیں رپورٹ ہوئی جبکہ مختلف پرتشدد واقعات میں 297 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کراچی پولیس نے 536 کاریں، 4914 موٹر سائیکلیں اور 1528 موبائل فون ریکور کیے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment