سندھ کے شہر خیرپور میں کاروکاری کی قبیح رسم کی بھینٹ چڑھنے والی 15 سالہ لڑکی رمشا وسان کے قتل کیس کے مرکزی ملزم ذوالفقار وسان نے گرفتاری پیش کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق 15 سالہ رمشا وسان قتل کیس کے مرکزی ملزم ذوالفقار وسان نے گزشتہ رات خیرپور پولیس کو گرفتاری پیش کر دی۔
ملزمان نے 6روز قبل رمشا وسان نامی 15 سالہ لڑکی کو سیاہ کاری کے الزام میں 9 گولیاں مار کے قتل کیا تھا۔
میڈیا پر خبریں نشر ہونے پر پولیس نے ذولفقار وسان سمیت دیگر 4 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جن میں سے ایک ملزم دو روز قبل گرفتار ہوچکا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی سکھر اقبال دارا نے بھی ذوالفقار وسان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
ملزم ذوالفقار وسان پر پہلے بھی سیاہ کاری کے الزام میں 3 لڑکیوں کو قتل کرنے کا الزام ہے اور وہ پولیس کو قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔