کوئٹہ سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ شہر قائد میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں شمال مشرق سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے جب کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، نواب شاہ، سکھر، مکران، کوئٹہ، سبی اور نصیرآباد میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، سوات، گوجرہ اور سرگودھا میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سرگودھا میں بارش کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ وادی کوئٹہ سمیت گلیات، کالام، مالم جبہ اور مری میں تیز برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
مری میں شدید برفباری سے اب تک 10 انچ تک برف پڑچکی ہے جب کہ کان مہترزئی میں برف باری کے باعث کوئٹہ ژوب شاہراہ بند کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے تک ملک کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔