ھفتہ, 23 نومبر 2024


پچاس لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا مگر پانچ لاکھ نوکریاں بھی نہیں دیں،مرتضی وہاب

 
 
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ گریڈ ایک سے چار تک کی سرکاری ملازمتیں مقامی سطح پر دی جائیں گی، حکومت نے پچاس لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا اور پانچ لاکھ بھی نہیں ملیں۔
 
یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک سے چار گریڈ تک کی سر کاری ملازمتیں مقامی سطح پرجبکہ 5سے 15گریڈ تک کی ملازمتیں ٹیسٹنگ کے ذریعے دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور اگلے دو روز میں منظوری کے بعد نوکریاں دینے کا آغاز ہوجائے گا۔
 
انہوں نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پچاس لاکھ ملازمتوں کا وعدہ کیا مگر پانچ لاکھ بھی نوکریاں نہیں ملیں ادویات کے نرخ تاریخ کے بلند ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں۔
 
تحریک انصاف حکومت نے بدترین مہنگائی کی۔ گیس، بجلی اور گیس کے بعد ادویات مہنگی ہوگئی ہیں، وفاق نے ہمیشہ وعدہ خلافی کی اور مہنگائی کا بم گرایا ہے۔ مسیحا بننے والوں نے عوام کی زندگی مشکلات میں ڈال دی۔
 
مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے لئے پیپلزپارٹی کی مخالفت کا الزام درست نہیں ہے، حیدرآباد کی سب سے بڑی جامعات حیدرآباد اور مہران یونیورسٹی حیدرآباد میں ہے۔
 
لیاقت یونیورسٹی سمیت زرعی یونیورسٹی بھی حیدرآباد میں ہیں اور ہم اس اعلان کو خوش آمدید کہتے ہیں مگر یہ سوال پوچھنے پر مجبور ہیں کہ یہ یونیورسٹی ہے کہاں اور کیا آٹھ ماہ قبل وزیر اعظم ہاؤس میں اعلان کردہ یونیورسٹی قائم ہوگئی ،حیدرآباد اور وزیر اعظم ہاؤس کی یونیورسٹیوں کے چارٹر کہاں بنے ہیں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بل پاس ہوا ہے؟

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment