کراچی: سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کے خلاف نیب نے تحریری جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سابق وفاقی وزیرکامران مائیکل کی گرفتاری کے خلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔
عدالت میں سماعت کے دوران کامران مائیکل کے نئے وکیل جاوید میرنے وکالت نامہ جمع کرایا جبکہ نیب نے کامران مائیکل کے خلاف تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کامران مائیکل نےعدالت سے اصل حقائق چھپائے، نیب کے پاس کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کامران مائیکل نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے 3 پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ کامران مائیکل کی درخواست ناقابل سماعت ہے مسترد کی جائے۔
بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیرکامران مائیکل کے وکیل سے 2مئی کو جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ 8 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے مسلم لیگ ن کے رہنما کامران مائیکل کو گرفتارکیا تھا۔