کراچی : اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کسٹم کے عملے نے مسافر کے سامان کی چیکنگ میں اتنی دیر لگادی کہ مسافر لندن جانے کی فلائٹ میں سوار ہی نہ ہوسکا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر لندن جانے والا مسافر کسٹم چیکنگ کے باعث سفر سے محروم رہ گیا، پرواز چھوٹنے کے باعث مسافر نے کسٹم عملے کے خلاف احتجاج کیا.
برطانوی نژاد پاکستانی راجہ سرفراز قومی ایئرلائن کی پرواز 785 سے لندن جانا چاہتے تھے، کسٹم حکام نے سونے کے بریسلٹ کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔
اس دوران مسافر نے اے ایس ایف اور کسٹم حکام کی ویڈیو بنائی، اے ایس ایف اور کسٹم حکام نے مسافر سے موبائل فون لے کر اس میں سے ویڈیو ڈیلیٹ کر دی۔
مسافر کا مؤقف تھا کہ مجھ کو غیر ضروری چیکنگ میں الجھا کر بلاوجہ تاخیر کی گئی۔ چیکنگ میں تاخیر کے باعث پی آئی اے نے بکنگ کاؤنٹر بند کردیا جس کے باعث مسافر لندن روانہ نہ ہوسکا۔