ھفتہ, 23 نومبر 2024


پلاسٹک بیگ کی تیاری، فروخت اوراستعمال قابل سزا جرم

کراچی:کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے پلاسٹک بیگ کے استعمال ، فروخت اور تیاری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمہ ماحولیات سندھ نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کے تحت پلاسٹک بیگ کی تیاری ، فروخت اور استعمال قابل سزا جرم ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانون کے مطابق گرفتاری وسزا بھی عمل میں لائی جائے گی۔

مشیر ماحولیات کے مطابق پابندی کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا اور محکمہ ماحولیات پلاسٹک بیگ کے استعمال کی پابندی پر عمل کرانے کا پابند ہوگا۔

ماحولیاتی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں کا معائنہ کریں گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ پلاسٹک بیگز کے بجائے کپڑے، کاغذ یا تھیلے کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے رواں سال اگست کے مہینے میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے یکم اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

مشیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک عوام میں آگاہی نہ ہو۔

پلاسٹک بیگ پر پابندی کا فیصلہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔

پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے سخت خطرات لاحق ہیں ۔

 
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment