کراچی: 1953میں نونہالوں کی کردارسازی اور مطالعہ کا شوق پیدا کرنے کے لیے شہید حکیم محمد سعید نے بچوں کے لیے ’ہمدرد نونہال‘ کے نام سے ماہانہ رسالے کی اشاعت شروع کی جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ آج رسالہ نونہال پاکستان میں چھپنے والے بچوں کے تمام رسائل میں سب سے زیادہ مقبول اور کثیر الاشاعت ہونے کے ساتھ اُن کی فکری اور ذہنی صلاحیتوں کو اپنی پُر مغز کہانیوں اور ایڈیٹوریل، عظیم لوگوں کی سوانح حیات اور معلومات عامہ کو فروغ دے رہا ہے۔
ہمدرد نونہال کے اثرات کا تعلق اس حقیقت سے ثابت ہے کہ ملک کی نامور شخصیات اور ایک صوبے کے موجودہ گورنربھی اپنے بچپن میں اس کے قاری رہے ہیں۔
انگریزی کی اہمیت اور افادیت کا ادراک کرتے ہوئےنئی نسل میں انگریزی زبان کی ترویج کے لیے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان نےرسالہ ہمدرد نونہال کو اردو کے ساتھ انگریزی میں بہ یک وقت دو زبانوں میں شائع کرنے کے فیصلہ کیا ہے
اس سلسلے میں مورخہ 2۔اکتوبر بروز جمعہ 3بجے ہمدرد ہیڈ آفس بحریہ ٹاؤن ٹاور، طارق روڈ میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صحافیوں کو نونہال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی ۔