اتوار, 24 نومبر 2024


سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کےلئے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر قائم

کراچی سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کےلئے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر قائم کردیا گیا ہے۔ سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کرنے والے افراد کے لئے یہاں مفت کورسز کا انتظام کیا گیا ہےامتحان کی تیاری کے لئے کورسز مفت کتابیں اور دیگر مواد فراہم کیا جائیگا جبکہ موجودہ، سابق بیورو کریٹس، سفارتکار اور سینئر افسران شرکا کی مدد کریں گے ،

اس حوالے سےایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کے لئے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر قائم کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ ہفتے المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا میں بھی سی ایس ایس کارنر کا آغاز ہوجائے گا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم سمیت سینئر افسران اور سی ایس ایس کے امتحان میں بیٹھنے والے طالب علموں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نےکہا کہ کراچی کے نوجوان سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کے لئے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس موقع پر سینئر افسران اور بیوروکریٹس اپنے تجربات کی روشنی میں شرکا کو امتحان کی تیاری کرائیں گے جس سے شرکا کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے المرکز اسلامی عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں بھی سی ایس ایس کارنر کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ، ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے ہر علاقے میں رہنے والے اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے مزید کہا کہ سی ایس ایس امتحان میں شرکت کے خواہش مند طالب علم اپنی رجسٹریشن کے لئے فریئر ہال میں پارکس ڈپارٹمنٹ کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ المرکز اسلامی میں بھی اس حوالے سے ڈیسک قائم کردی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ سی ایس ایس کارنر میں اب تک 40 سے زائد طلبا کی رجسٹریشن ہوچکی ہے اور یہ عمل جاری ہے ، سی ایس ایس کورس کی کلاسز روزانہ شام 5 بجے شروع ہوں گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی بھی ہر پندرہ روز میں کلاس لیں گے جبکہ سابق بیوروکریٹس، سفارتکار اور سینئر افسران کورس میں شریک طالب علموں کی معاونت اور رہنمائی کے لئے دستیاب رہیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment