انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی 18 ماہ کی مدت کے بعد فزیکل کلاسوں کے لئے دوبارہ کھل گیا ہے۔
ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، آئی بی اے کراچی، ڈاکٹر اکبر زیدی نے طلباء کو آئی بی اے میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد آئی بی اے میں فزیکل کلاسز کا اِنعقاد نہ صرف طلباء کے لئے بلکہ تمام اساتذہ کیلئے ایک خوش آئند عمل ہے۔ڈاکٹرزیدی نے آئی بی اے میں ڈجیٹل اینوویشن اور تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ”ہم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان میں آن لائن لرننگ کا معیار بنایا ہے۔ آئی بی اے نے عالمی وباء میں بدلتے ہوئے حالات میں فوری اقدامات لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ تدریسی کیلنڈر کو بغیر کسی التواء کے جاری رکھا جائے۔
آئی بی اے کا شمار پاکستان کے اُن چند اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے جنھوں نے ان چیلنجنگ حالات میں تمام سمیسٹر وقت پر مکمل کئے۔آئی بی اے نے بدلتے ہوئے حالات میں طلبا ء کو مکمل تعاون فراہم کیا۔ جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر کی صورت میں تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے تدریسی عمل کویقینی بنایا۔ سپرنگ اور سَمر ؎سمیسٹر 2021 کے طلباء کو انٹرنیٹ یا بجلی کی بندش کا سامنا ہو تو وہ کیمپس سے آن لائن کلاسیں لے سکیں۔
دوسرے شہروں سے آئے ہوئے طلباء کے لئے آئی بی اے ہاسٹلز میں حکومت کی جانب سے جاری کرد ہ ایس او پیز (SOPs) کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کی رہائش میں مدد فراہم کی۔ورچوئل لرننگ میں آنے والے چیلنجز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر زیدی نے کہا کہ آئی بی اے کا دوبارہ کھلنا صرف فزیکل کلاسز کے انعقاد پر مختص نہیں بلکہ تدریسی ماحول کا قیام ہے جو آن لائن کبھی حاصل نہیں ہوسکتا۔
ڈاکٹرزیدی نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات میں کیمپس کھولنا ایک مشکل اَمر تھا۔ ڈاکٹر زیدی کا کہناکچھ سینئر اساتذہ کیمپس دوبارہ کھولنے پر فکرمند تھے لیکن ہم نے کیمپس میں ایسے ماحول کی تشکیل کی ہے کہ جنھیں شبہات اور خدشات تھے وہ بھی ویکسینشن کے بعد آئی بی اے کے کھلنے کو بخوشی قبول کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر اسد الیاس، آئی بی اے رجسٹرار نے کیمپس کھلنے پر آئی بھی اے کی قیادت /انتظامیہ کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں موجود ہر فرد اس بات پر متفق تھا کہ تعلیم کی بہتری کیلئے خطرہ مول لیا جاسکتاہے۔
ہم نے تمام حفاظتی اقدامات کا اطلاق کیا اور آئی بی اے کے لوگوں کیلئے ویکسینشن کو یقینی بنایا، طلباء کیلئے سیمسٹر کے لئے ٹرانسپورٹ مفت کردی گئی۔ ہم نے تدریسی طریقوں کواَپ گریڈ کیا۔ ان تمام اقدامات کا مقصد آئی بی اے کمیونٹی کو سہولیات مہیا کرنا تھا۔ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ تعلیم اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ ہماری حکومت سے گزارش ہے کہ وہ تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھے اوراس کے لئے اگر سخت سے سخت (SOPs) کا نفاذ بھی کرنا پڑے تو ہم بھرپور تعاون کریں گے۔آئی بی اے نے طلباء، عملے اور اساتذہ کیلئے ویکسینشن کو لازمی قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں ویکسینشن سرٹیفیکٹ کو طلبا ء کے لئے Fall 2021 سیمسٹر میں کورس رجسٹریشن کیلئے لازمی قرار دیا گیا۔