اتوار, 24 نومبر 2024


طبی عملے پرتشدد کی روک تھام کےلیے آن لائن ٹریننگ کا اجراء

کراچی: طبی عملے پر تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ایک آن لائن تربیتی پروگرام کا افتتاح ہوا .

افتتاحی تقریب میں ہسپتالوں اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹریننگ جے ایس ایم یو کے ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کے مابین 2015سے جاری پروجیکٹ میں اکٹھے کیے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہے۔

ایپنا انسٹیٹیوٹ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے بتایا کہ اس پروجیکٹ میں کئی اداروں نے مل کر کام کیا ہے اور تربیتی ورکشاپ ملک کے کئی شہروں میں منعقد کی جا چکی ہیں۔ ٹریننگ پروگرام تشدد کی صورت حال سے نمٹنے، مریضوں کے لواحقین سے مناسب رویے اپنانے اور طبی عملے کے حقوق و فرائض پر مشتمل ہے۔

ریڈ کراس کی جانب سے پروجیکٹ ہیڈ ڈاکٹر میرواعظ نے شرکاء کو ٹریننگ دینے کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا جبکہ حاضرین نے اپنے اپنے اداروں میں اس آن لائن ٹریننگ کو رائج کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب میں لیاقت یونیورسٹی اوف میڈیکل سائنسز پروفیسر بھیکا رام، انڈس ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری، ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید عرفان حیدر، اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اکرم سلطان اور دیگر ان نے شرکت کی۔تقریب کے منتظمین لبنیٰ مظہر اور اطہر میمن کے مطابق افتتاحی تقریب کو دنیا بھر میں آن لائن دکھایا گیا.

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment