کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ”صحت سے متعلق علوم میں آرٹیفیشل انٹلیجنس“کے موضوع پر پیر (20 دسمبر) کوایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوگی۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق یہ ایک روزہ ورکشاپ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت سرگرم سینٹرفار آرٹیفیشل انٹلیجنس اِن ہیلتھ سائینسز جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے منعقد ہورہی ہے۔
اس ورکشاپ کا آغازصبح 9 بجے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر میں ہوگا جس سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پربرطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسسٹر شائر کے ڈاکٹر عاشق انجم خصوصی خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ ورکشاپ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ورکشاپ ہے جس سے ہلیتھ سائینسز میں آرٹیفیشل انٹلیجنس کی تحقیق کے نئے دریچے روشن ہوں گے۔